بیلگاوی 29؍ستمبر(ایس او نیوز) بیلگاوی مضافاتی حلقے سے کانگریسی رکن اسمبلی لکشمی ہیبالکر نے دھماکہ خیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے کانگریس سے بغاوت کرکے بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے انہیں 30کروڑ روپے اور وزارتی قلمدان کی پیش کش کی گئی تھی۔لیکن انہوں نے اس پیش کش کوٹھکرادیا۔
لکشمی ہیبالکر نے بی جے پی کی جانب سے رابطہ قائم کرنے والے لیڈر کا نام تو ظاہر نہیں کیا مگر اتنا بتایا کہ یہ پیش کش ٹیلی فون پر کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ: ’’میں نے اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے ذمہ داران کو اطلاع دی ہے۔میں اقتدار کے پیچھے بھاگنے والی انسان نہیں ہوں۔ کانگریس پارٹی سے میری وفاداری پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا ۔
لکشمی نے کہا کہ بی جے پی والوں نے مخلوط حکومت کو گرانے کے لئے بہت سے کانگریسی اراکین اسمبلی سے رابطہ قائم کیا ہے ۔لیکن وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ہیبالکر نے مزید کہا کہ :’’ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میرے علاقے میں ایک لہر چل پڑی تھی اس لئے میں اسمبلی الیکشن جیت گئی ہوں۔میں انہیں دکھا دوں گی کہ میں کیا ہوں۔میں اس بات کو یقینی بنادوں گی کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں میرے حلقے سے کم از کم ایک لاکھ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے۔